خیبر، اراضی تنازعہ پر فائرنگ میں دو افراد جاں بحق، خاتون سمیت دو زخمی
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں اراضی تنازعہ پر فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ خاتون کے ہمراہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ شیخمل خیل غنی خیل میں فریقین امت خان اور صراف خان عرف صرافے کے درمیان پیش آیا جہاں شام کے وقت فریقین میں اراضی تنازعہ پر فائرنگ ہوئی جس کی زد میں آکر خاتون کے ہمراہ چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم دو افراد اسفندیار خان ولد اعتبار شاہ (امت شاہ کا بھائی) اور نعمان ولد کبیر شاہ جانبر نہ ہوسکے جبکہ خاتون مسماۃ (ص) زوجہ تلاوت خان اور وصیف خان کو آخری اطلاعات آنے تک ہسپتال ہذاء میں طبی امداد دی جارہی تھی۔
اطلاع ملی ہے کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جبکہ فریقین آپس میں رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔