قبائلی اضلاع

جنوبی وزیرستان میں امدادی پیکیج کی تقسیم کیلئے 9 مراکز قائم

 

قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کےتینوں سب ڈویژنز میں احساس پروگرام کے تحت امدادی پیکیج کی تقسیم کے لئےنومراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان حمید اللہ خٹک نے کہا ہے کہ یہ مراکز ضلعی انتظامیہ اور ایف سی ساؤتھ کے تعاون سے بنائے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں پہلے سے رجسٹرڈ 4200 خاندانوں میں فی خاندان 12000 روپئے تقسیم کئے جائینگے جبکہ دوسرے مرحلے کیلئے تقریباً بائیس ہزار خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے سروے کے لئے 36 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی۔

حمید اللہ خٹک نے کہا کہ ان نشاندہی کیے گئے بائیس ہزار خاندانوں کی لسٹ صوبائی حکومت کو ارسال کی گئی ہے جن کو اگلے ہفتے تک احساس پروگرام کے تحت امدادی پیکج متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وانا میں ایگری پارک ، گورنمنٹ پرائمری سکول شولم ، آرمی پبلک سکول شکائی ، اور گورنمنٹ ہائی سکول توکھولا اس طرح لدھا میں تحصیل بلڈنگ سراروغہ اور تحصیل بلڈنگ لدھا اور دیگر جگہوں پر مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ سرکائی سب ڈویژن میں ، مولا خان سرائے اور ڈپٹی کمشنر کے احاطے میں انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان علاقوں کا انتخاب کیا جن میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔ حمید اللہ خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت کی ہدایات اور ایف سی ساؤتھ کے تعاون سے عوام کی بھر پور خدمت کررہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی نااہلی اور کوتاہی کی صورت میں قانونی چارہ جوئی سے دریغ نہیں کرے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button