اورکزئی، قومی لشکر نے قاتل کے گھر کو سامان سمیت نذر آتش کر دیا
سنٹرل اورکزئی میں قومی لشکر نے قاتل کے 8 کمروں پر مشتمل گھر کو سامان سمیت نذر آتش کر دیا۔
اورکزئی پولیس کے مطابق 22 مارچ کو چھٹی پر آنے والے ایف سی اہلکار فیض الرحمن کو علاقہ استرزئی میں قتل کیا گیا تھا جس کی دعویداری مقتول کے والد عجب نور نے مقتول کے دوست اسحاق پر کی تھی جس کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے تاہم اس کے باوجود گزشتہ روز سنٹرل اورکزئی مشتی میلہ میں جرگے کو مقتول کے والد عجب نور نے فریاد کیا کہ اسحاق نامی شخص نے میرے بیٹے فیض الرحمن کو قتل کرکے مجھ سے انتہائی ظلم کیا ہے۔
فریاد کے بعد مشتی قبیلے کے 5 سو سے زائد افراد پر مشتمل لشکر نے قبائلی رسم و رواج کے مطابق چھپر مشتی میں قتل کے الزام میں گرفتار اسحاق کے 8 کمروں پر مشتمل گھر کو سامان سمیت نذر آتش کر دیا۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع اورکزئی نثار احمد خان نے کہا کہ اب یہ قبائلی ایجنسیاں نہیں رہیں، ان میں پولیس کا نظام رائج ہے، گناہ گار کو سزا دینا قانون کا کام ہے، جرگے والوں نے قانون ہاتھ میں لیا ہے، قومی لشکر میں شامل لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے گا۔