لنڈیکوتل، تاریخی سرائے بازار کے تاجروں کا اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کا آغاز
لنڈیکوتل کے تاریخی سرائے بازار کے تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تخت صفائی کا کام شروع کر دیا۔
لنڈی کوتل بازار میں فٹ پاتھ بننے کے بعد گزشتہ کئی ہفتوں سے گندگی کے ڈھیر پڑے تھے جس کے باعث دکانداروں نے چندہ مہم سے پرائیویٹ مزدورں کے ذریعے گندگی کے ڈھیر ختم کرکے صفائی شروع کر دی۔
دوسری طرف لنڈی کوتل بازار کے صفائی عملے کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے صفائی مہم والی سوزکی وین خراب ہے جس کے باعث بازار میں گندگی کے ڈھیر ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لنڈی کوتل بازار کے مقامی تاجر حاجی لاجبر شنواری اور دیگر دکانداروں نے بتایا کہ ہم ضلعی انتظامیہ اور دیگر ذمہ دار حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لنڈی کوتل بازار کی صفائی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ تاجروں کی مشکلات میں کمی آجائے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سابق اُمیدوار و کنونیر ایف پی سی سی آئی برائے وسطی ایشیاء ممالک شاہد شنواری نے کہا ہے کہ لنڈیکوتل کے علاقہ آش خیل میں پانی کی بڑی مقدار موجود ہے اگر حکومت نے توجہ دی تو ضلع میں پانی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی اللہ کی نعمت ہے لیکن بدقسمتی سے لنڈی کوتل کے عوام اس نعمت سے محروم ہیں، یہاں پر عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، لنڈی کوتل کے علاقہ آش خیل میں قدرتی چشمے موجود ہیں جس سے روزانہ لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے اگر حکومت نے لنڈیکوتل غاری کے علاقہ آش خیل کی طرف توجہ دی تو یہاں کے عوام کے پانی کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔
شاہد شنواری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور حکومت پاکستان سے یہاں پر ڈیم تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے اور زیرزمین پانی کی سطح اوپر آجائے۔
اس موقع پر شاہد شنواری نے آش خیل میں حاجی قدر گل نامی شخص کے گاؤں میں واٹر ٹینک کی تعمیر کے لئے نقد امداد دی اور کہا کہ فی الفور واٹر ٹینک تعمیر کرے تاکہ کم سے کم اس گاؤں کے لوگ تو اللہ کی اس نعمت سے مستفید ہو سکیں۔