2 سال سے کینسر میں مبتلا نفیس آفریدی حکومتی عدم توجہی کے شکار
مشہور ریڈیو براڈکاسٹر، ادیب، شاعر نفیس آفریدی 2 سال سے کینسر میں مبتلا ہیں، مالی حالت خراب ہونے کے باعث ان کی حالت دن بہ دن ابتر ہوتی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ حکام میں سے کسی نے آج تک ان کی خبرگیری نہیں کی۔
جمرود پریس کلب میں شعراء و ریڈیو براڈکاسٹرز قیس آفریدی، زیرک آفریدی، عابد ثمر، نگار تنہا، امیر حیدر شبگیر، شفیق دیدار، بیحوش اور پیر محمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نفیس آفریدی نے پشتو زبان اور علاقے کی ترقی میں اہم کرادر ادا کیا ہے لیکن بیماری کے باعث اب وہ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وہ پہلے شوکت خانم ہسپتال اسلام آباد میں زیر علاج تھے لیکن اب وہ پشاور منتقل کئےگئے ہیں جہاں صرف ایک ڈوز کی قیمت 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے۔
انھوں نے وزیراعظم، گورنر خیبر پختونخوا، وزیر اعلی، محکمہ ثقافت، محکمہ اطلاعات موجودہ ایم این اے اور ایم پی اے سے مطالبہ کیا کہ نفیس آفریدی کے علاج کیلئے مناسب بندوبست اور مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ صحت یاب ہو کر علاقے کی ترقی میں مزید کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر مخیر حضرات سے بھی مالی امداد کی اپیل کی گئی۔ نفیس کے ساتھ 03455490987، 03009599358 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔