خیبر، باڑہ کے مختلف سکولوں میں چالیس لاکھ روپوں کے چیک تقسیم
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے مختلف سکولوں میں چالیس لاکھ روپوں کے چیک تقسیم کئے گئے۔
اس سلسلے میں آج گورنمنٹ ہائی سکول سمہ گڑھی باڑہ ضلع خیبر میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شوکت اور ممبر صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی جس کے مہمانان خصوصی تھے جبکہ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر واجد خان، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈویلپمنٹ شندی گل آفریدی، پرنسپل غیور احمد، پرنسپل ہدایت خان اور کثیر تعداد میں والدین اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شوکت نے کہا کہ اب لوکل کمیونٹی خود سکولوں میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرے گی اور اس مقصد کے لیے پی ٹی سی اکاؤنٹ کے ذریعے ان کو لاکھوں روپے دے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جن سکولوں کے پی ٹی سی اکاؤنٹ موجود ہیں ان کو چیک جاری کئے جا رہے ہیں اور آج تحصیل باڑہ کے پچیس سکولوں میں سے ہر ایک کو ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شفیق نے زبردست پروگرام پر سکول انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ انشاء اللہ تحصیل باڑہ میں تمام تعلیمی اداروں کو ملک کے دوسرے اضلاع کی طرح بنایا جائےگا۔
آخر میں پچیس سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز کو ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے کا چیک دیا گیا جس کے بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شوکت نے گورنمنٹ ہائی سکول موازخان کلی باڑہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا۔
انہوں اس موقعے پر سکول کے پرنسپل اور سٹاف کو سکول کے دو طلبہ کے ایٹا ٹیسٹ پاس کرنے پر مبارک باد اور طلبہ کو شاباش بھی دی۔