کورونا وائرس، طورخم پر اب تک 2 لاکھ 50ہزار سے زائد مسافروں کی سکریننگ
ڈپٹی کمشنرخیبر محمود اسلم وزیر اور ڈسٹرکٹ سرجن طارق حیات نے طورخم بارڈر اور لنڈی کوتل ہسپتال کا دورہ کیا اور کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے طورخم بارڈر پر مسافروں کی سکریننگ کا عمل جاری ہے اور ساتھ ہی اس ضمن میں محکمہ صحت کی ٹیم نے اب تک 2 لاکھ 50ہزار سے زائد افغان باشندوں کی سکریننگ کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طورخم بارڈر پر ان کی ٹیم اور سیکورٹی فورسز مسافروں کے پاسپورٹ پر ان کی ٹریول ہسٹری بھی چیک کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی مشکوک مریض سکریننگ اور دیگر ضروری کارروائی سے نہ رہ پائے۔
یاد رہے کہ 26 فروری کو افغانستان سے کورونا وائرس کا مشتبہ کیس رپورٹ ہونے پر طورخم سرحد پر میڈیکل ٹیم تعینات کر دی گئی تھی۔
قبائلی ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پڑوسی ممالک ایران و افغانستان سے کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد طورخم گیٹ پر ایک میڈیکل ٹیم تعینات کی گئی ہے جو تھرمل سکیننگ گنز کے ذریعے آنے والے لوگوں کی باقاعدہ سکیننگ کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ کسی قسم کی ایمرجنسی کے لئے طورخم گیٹ پر ایک ایمبولینس بھی تیار کھڑی ہے، اس کے علاوہ پاک افغان دوستی ہسپتال طورخم، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل اور جمرود بھی ایمرجنسی سپاٹس ڈکلیئر کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
کورونا وائرس، کیا ماسک پہنا ضروری ہے؟
کورونا وائرس، چین میں پاکستانی صنعت کاروں کی سینکڑوں فیکٹریاں بند
"کورونا سے شائد بچ جائیں، ذہنی دباؤ برداشت نہیں کر پائیں گے”