لکی مروت کے بعد ٹڈی دل کا پاراچنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں پر حملہ
ڈیرہ اسمعیل خان اور لکی مروت کے بعد ٹڈی دل نے پاراچنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں پر حملہ کردیا۔
مقامی کسانوں اور زمینداروں کے مطابق ٹڈی دل نے ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سمیت ضلع کے مختلف دیہات مہورہ، احمد زئی، زیڑان، کڑمان، نورکی شلوزان، تری منگل اور دیگر علاقوں پر حملہ کردیا ہے اور ان علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا دیا ہے۔
ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں امداد علی، جمشید حسین اور دیگر کسانوں نے بتایا کہ وہ اپنی فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کیلئے آگ جلا رہے ہیں اور شور مچا کر ٹڈی دل کو بھگانے کی کوشش کررہے ہیں۔
کسانوں کا کہنا تھا کہ جن جن علاقوں پر ٹڈی دل نے حملہ کیا ہے وہاں ہر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، محکمہ ایگریکلچر کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ٹڈیوں پر سپرے مہم جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
خیبر پختونخوا پر ٹڈی دل کا حملہ، غذائی قلت پیدا ہونے کا اندیشہ
صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر شاہ فہد کی خصوصی ہدایات پر آج علاقہ نورکی اور آس پاس کے مختلف علاقوں میں ٹڈیوں کے خلاف مہم جاری رہی، مہم میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایگریکلچر، ٹی ایم او انسپکٹر دیگر محکموں نے حصہ لیا، درختوں پر بیٹھے ٹڈیوں پر سپرے کرکے ٹڈیوں کو تلف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ 26 فروری کو ٹڈی دل ایک بار پھر لکی مروت میں داخل ہو گئے تھے جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ روک تھام کے لئے حکومت جانب سے کسی قسم کے اقدامات نظر نہیں آ رہے۔