آئی جی خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی کا پہلی بار جنوبی وزیرستان کا دورہ
انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے پہلی بار جنوبی وزیرستان وانا کا دورہ کیا۔
اس موقع پر پولیس جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاصہ دار فورس نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ملک کی سلامتی کیلئے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔
ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ ہمیں ان قربانیوں کا احساس ہے، خاصہ دار فورس کا پولیس میں ضم ہونے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا، خیبر پختونخواہ پولیس کی طرح ضم اضلاع میں پولیس کو نئی گاڑیاں، یونیفارمز، اسلحہ و دیگر تمام مراعات فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:
خیبر خاصہ دار فورس کے 22 اہلکار خیبر پختونخوا پولیس میں ضم
"پشاور اور ضم شدہ اضلاع کی پولیس میں کوئی فرق نہیں”
اس دورے میں ڈی آئی جی ڈی آئی خان ڈویڑن امتیاز شاہ، ڈی پی او جنوبی وزیرستان شوکت علی، اے ڈی سی جنوبی وزیرستان فہیداللہ اور اے سی وانا امیر نواز بھی ہمراہ تھے۔
اس موقع پر پولیس جوانوں نے آئی جی پی خیبر پختونخواہ ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کو جنرل سلامی پیش کی اور ساتھ ساتھ چھوٹے پچوں نے خوش آمدید کہہ کر پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے جبکہ افسران نے روایتی پگڑی بھی پہنائی۔
یاد رہے کہ 8 فروری کو آئی جی کے پی ثناء اللہ عباسی نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کا پہلا دورہ کیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ پشاور اور ضم شدہ وزیرستان کی پولیس میں کوئی فرق نہیں سب برابر ہیں اور ضم شدہ قبائلی علاقہ جات میں پولیس کا قانون بحال ہے اور ھر قسم سیاسی دباؤ سے آزاد ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ثناءاللہ عباسی نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں تھانہ جات کے لیے زمینں خریدی ہیں اور ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات کیلئے بھی فنڈز مہیا کریں گے، پولیس میں ضم ہونے والے خاصہ داروں کو دیگر اضلاع کی پولیس کے برابر مراعات دیں گے۔