قبائلی اضلاع عوام رسائی مہم: مقصد عوام کا پیسہ انہیں پرخرچ ہو
خیبرپختوںخوا حکومت نے قبائلی اضلاع میں عوام رسائی مہم کا افتتاح کردیا جس میں علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
مہم کا افتتاح آج بروز جمعرات خیبر ضلع کے تحصیل باڑہ سے کیا گیا جس میں وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال وزیر، وزیر اعلی کے مشیربرائےایکسائز و فوکل پرسن برائے تیز تر ترقیاتی پروگرام غزن جمال، باڑہ کے آٹھوں قوموں کے مقامی مشران، نجی اداروں کے سربراہان و ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر غزن جمال نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ قبائلی اضلاع کے اراکین اسمبلی عوام کی دہلیز پر آکر ان سے مشاورت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام رسائی مہم کا اصل مقصد اس بات کی یقین دہانی کرانی ہے کہ عوام کا پیسا ان ہی کے فلاح و بہبود پر ہی خرچ ہو۔
باڑہ تحصیل جرگہ ہال میں منعقدہ پروگرام کے شرکاء کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ان کے لئے مختص بجٹ کے حوالے سے بتایا گیا۔
اس موقع پر شرکاء کی بھی رائے لی گئی جس میں زیادہ تر مشران نے علاقے میں بیروزگاری، صحت عامہ اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی جیسے مسائل کی نشاندہیکی۔