ضلع کرم میں سفیر بلدیات پروگرام کا آغاز، نوجوانوں کا بائیکاٹ اور واک آؤٹ
قبائلی ضلع کرم میں ضم شدہ اضلاع میں نئے بلدیاتی نظام سے متعلق آگاہی کے لئے محکمہ بلدیات کی جانب سے شروع کیے جانے والے سفیر بلدیات پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں جرگہ ہال لوئر کرم صدہ اور اپر کرم پاڑا چنار میں ڈسٹرکٹ سیشن منعقدکئے گئے تاہم صدہ میں منعقدہ سیشن میں اس قوقت بدمزگی پیدا ہو گئی جب نوجوانوں نے سفیر بلدیات پروگرام میں غیر مقامی افراد بھرتی کے خلاف پروگرام کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور دھمکی دی کہ اگر پیر کے روز تک غیر مقامی افراد کو نہیں نکالا گیا تو ان کے دفاتر کو تالے لگا دیے جائیں گے۔
فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری زاہد شاہ زید نے کرم کے علاقے صدہ جرگہ ہال میں سفیر بلدیات کے منعقدہ پروگرام میں حکام کو غیر مقامی افراد کی بھرتیوں کی نہ صرف نشاندہی کی بلکہ ساتھیوں سمیت پروگرام سے واک آؤٹ بھی کیا۔
زہد شاہ نے بتایا کہ یو این ڈی پی کے تعاون سے جاری سفیر بلدیات پروگرام، جس میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے قبائلی عوام کو شعور اور آگاہی دی جاتی ہے، میں غیر مقامی افراد بھرتی کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے لیکر وزیرستان تک تمام اضلاع کے اندر غیر مقامی افراد بھرتی کئے گئے ہیں جو قبائلی نوجوانوں کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔
زاہد شاہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور دیگر وزراء بار بار کہہ چکے ہیں کہ قبائلی اضلاع میں مقامی افراد ہی بھرتی کئے جائیں گے لیکن یو این ڈی پی نے اقراباءپروری کی مثال قائم کرتے ہوئے قبائلی نوجوانوں کی جگہ چارسدہ، مردان، صوابی، بنوں اور دیگر اضلاع سے مرد اور خواتین کو پروگرام میں بھرتی کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صدہ میں منعدہ سفیر بلدیات سے فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن نے احتجاج کرتے ہوئے پروگرام سے واک اﺅٹ کیا اور واضح کیا کہ پیر تک اگر غیرمقامی افراد کو نہیں نکالا تو پروگرام کے دفاتر کو بند کردیں گے۔
دوسری جانب کرم میں منعقدہ سیشن میں ریاض شاہین ایم پی اے، ڈی سی کرم شاہ فہد، اے سی سینٹرل کرم شاہد رفیق، ونگ کمانڈرز کرنل کامران صبحانی اور کرنل عاطف افضل، اے سی اور اے سی سی لوئر کرم، اور اے ڈی ایل جی ساجد حسین طوری ایم این اے، شاہ فہد ڈی سی کرم، اے ڈی ایل جی کرم، ٹی ایم او کرم نے شرکت کی۔
سیشن سے سپیشل سیکرٹری، خالد خان صاحب اور ڈی سی کرم نے بلدياتی نظام کے حوالے سے شرکا سےتفصيلی گفتگو کی اور اخر میں سوالات کے جوابات دیے۔
متعلقہ خبریں:
‘سفیر بلدیات’ پراجیکٹ میں غیرمقامی افراد کی بھرتیوں کا انکشاف
محکمہ بلدیات کی غیر مصدقہ اور اختراع پر مبنی خبر کی سختی سے تردید
سفیر بلدیات، غیر مقامی افراد کو کسی بھی صورت کام نہیں کرنے دیا جائے گا
مقررین نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا خیبر پختونخواہ میں انضمام اور بلدیاتی نظام ایکٹ 2019 کے تناظر میں شروع کیا جانے والا “سفیر بلدیات” پروگرام کا بنیادی مقصد قبائلی اضلاع کے عوام کو انضمام کے فوائد، نئے بلدیاتی نظام کے خدوخال اور مقامی حکومتوں میں نمائندگی اور شرکت کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے یہ سفیر ہر ضلع میں آگاہی نشستوں کا انعقاد کرکے بلدیاتی نظام سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کریں گے۔