قبائلی اضلاع

مہمند ڈیم سے متاثرہ قبیلوں کا مراعات ملنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

مہمند ڈیم سے متاثرہ قبیلوں نے مراعات ملنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی زمینوں پر کسی کو قبضہ جمانے نہیں دیں گے اور بھر پور مزاحمت کریں گے۔

ڈی سی مہمند نوٹس لے کر تنازعہ کو حل کریں، تصادم کی ذمہ داری آبازئی میاں گان تنگی کے خوانین پر عائد ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار عیسٰی خیل، بران خیل اور اُتمان خیل کے سفری ملاگوری کے مقام پر جرگے سے خطاب کے دوران ایم پی اے نثار مومند، پی ٹی آئی مہمند صدر نوید خان، جنرل سیکرٹری قاری رحیم شاہ، ملک اعتبار گل، ملک رحیم شاہ، مشتاق خان، عارف، فرہاد علی و دیگر نے کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مہمند قوم کی حدود کو 1951 کے لیٹر کے مطابق تسلیم کیا جائے کیونکہ 700 سال سے یہاں آباد ہیں اور یہ ان کے آباؤ اجداد کی حدود ہیں۔

مگر اب بعض بااثر لوگ، تنگی کے خوانین آبازئی میاں گان نے آکر یہاں پر ہماری زمینوں پر قبضہ جما دیا ہے مگر ہم ان کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

مقررین نے کہا کہ ہم نے مہمند ڈیم کے لئے سینکڑوں ایکڑ زمین سستے ریٹ پر دی ہے تاکہ اس سے ضلع مہمند کے عوام کو ترقی اور خوشحالی ملے، ہمارے ساتھ واپڈا اور انتظامیہ نے جو وعدے کئے تھے وہ اب تک پورے نہیں کئے جارہے ہیں، یہاں تک ڈیم میں مزدوری بھی نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم میں مقامی لوگوں کو روزگار دیا جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے کیونکہ جو رقم معاوضوں کے سلسلے میں آئی ہے وہ ڈی سی مہمند کے اکاؤنٹ میں پڑی ہے۔

انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو ہم کسی قسم کے احتجاج سے گریز نہیں کریں گے کیونکہ ہم غریب لوگ ہیں مگر اپنے حقوق کسی کو ہڑپ کرنے کی اجازت ہرگ نہیں دیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button