میرعلی: خانہ بدوشوں کی عارضی بستی میں آگ لگ گئی، چار دن کی بچی جاں بحق
سٹزین جرنلسٹ سکین اللہ داوڑ
قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میرعلی کے ساتھ متصل علاقہ ذاکر خیل میں خانہ بدوشوں کی عارضی بستی میں آگ لگنے سے چار دن کی بچی جاں بحق جبکہ چار خیمے بھی مکم طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق میرعلی کے ساتھ متصل علاقہ ذاکر خیل میں گزشتہ روز رقیاز خان خانہ بدوش کے خیمے میں آگ لگ گئی جس سے اس کی چار دن کی بچی آگ میں جھلس کر جاں بحق ہوئی اور آس پاس کے چار خیمے اور ان کے بستر بھی جل کر راکھ ہو گئے جس کے بعد مذکورہ چاروں خاندانوں کے پاس سر چھپانے کو کچھ باقی نہیں بچا تھا۔
بعد ازاں پی ڈی ایم اے شمالی وزیرستان کے کوارڈینیٹر شاہ دراز خان نے میرعلی کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر رات ہونے سے پہلے پہلے مذکورہ خاندانوں کو خیمے اور گرم بستر مہیا کردئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر میرعلی نے خانہ بدوشوں کی نقد امداد بھی کی۔
رقیاز خان اور خانہ بدوش قبیلے کے دیگر افراد نے پی ڈی ایم اے اور میرعلی انتظامیہ کا شکر ادا کرتے ہو ئے کہا کہ ہمارے پاس اس شدید سردی کے موسم میں رات گذارنے کا کوئی طریقہ نہیں تھا لیکن پی ڈی ایم اے اور میرعلی انتظامیہ نے فوری طور پر ہمیں خیمے اور بستر فراہم کرکے ہمیں نہ صرف سردی سے بچایا بلکہ ہماری دکھ درد کو بھی کافی حد تک کم کردیا۔