باڑہ کی 17 ماہ کی صائمہ پولیو وائرس کے باعث عمر بھر کیلئے معذور
قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیو کے موذی وائرس نے 17 ماہ کی صائمہ کو عمر بھر کے لئے معذور بنا دیا۔
پولیو حکام نے بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے، محکمہ صحت کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے منڈی کس سپاہ میں منان نامی مقامی شخص کی 17ماہ کی بچی صائمہ پولیو وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔
تحصیل باڑہ پولیو آفیسر داؤد آفریدی کے مطابق کچھ عرصہ قبل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو صائمہ کے ٹیسٹ کے نمونے بھیجے گئے تھے جہاں تحقیق کے بعد ثابت ہوا کہ 17ماہ کی صائمہ میں پولیو وائرس موجود ہے۔
خیال رہے کہ آج، 14 جنوری کو، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولیو کے مزید 6 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں سال 2019 کے پولیو کیسز کی تعداد 140 ہوگئی۔ پولیو کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ خیبر پختونخوا میں رپورٹ ہوئے جہاں سال 2019 میں پولیو کے مجموعی طور پر 97 کیسز سامنے آئے۔
پولیو کے نئے کیسز خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع خیبر، مہمند، باجوڑ، پشاور، تورغر اور لکی مروت میں سامنے آئے۔ ضلع خیبر میں 18 ماہ کی بچی، مہمند میں 10 ماہ کے بچے، باجوڑ میں 7 ماہ کی بچی، پشاور میں 10 ماہ کی بچی، تورغر میں 12 ماہ کا بچہ اور لکی مروت میں 18 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
قبل ازیں 9 جنوری کو بھی ملک بھر سے پولیو کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے دو کا تعلق کا خیبرپختونخوا سے ہے۔ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے دو، سندھ کے جامشورو، قمبراور خیبرپختونخوا کے لکی مروت اورڈیرہ اسماعيل خان سے ایک ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
اس سے قبل 4 جنوری کو لکی مروت سمیت ملک بھر میں پولیو کے مزید 5 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد سال 2019 کے پولیو کیسز کی کل تعداد 128 تک جا پہنچی تھی۔
نئے سامنے آنے والے کیسز میں خیبر پختونخوا سے ایک جبکہ بلوچستان اور سندھ سے 2، 2 شامل تھے۔