معاوضوں کی ادائیگی، میرانشاہ کے اتمانزئی قبیلے کا احتجاج
شمالی وزیرستان کے قوم اتمائزئی نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران تباہ ہونے والے مکانات اور کاروباری مراکز کی بحالی کیلئے معائوضوں کی عدم ادائیگی کے خلاف میرانشاہ بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
شرکاء نے میرانشاہ روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے احتجاجی تحریک اسلام آباد تک بڑھانے کا اعلان بھی کردیا۔
اس موقع پر ایگزیکٹیوکمیٹی کے جنرل سیکرٹری سخی الرحمن و دیگر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے، ہم نے پہلے بہت سی تکلیفات برادشت کیں، اب مزید سزا کیوں دی جارہی ہے، آپریشن ضرب عضب میں ایک ایک شخص کا کھربوں روپے کا نقصان ہوا ہے مگر اب نقصان کا ازالہ نہیں کیا جارہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سروے سے کافی لوگ رہ گئے ہیں اور جن خاندانوں کا سروے ہوا ہے ان خاندانوں کو نقصانات کے مطابق معاوضہ نہیں دیا جارہا ہے، یہ حکومت کا سراسر ظلم ہے، قبائل ہمیشہ قربانیاں دیتے رہیں گے، حکومت آئی ڈی پیز کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کررہی ہے، آپریشن ضرب عضب میں کافی نقصانات ہوئے ہیں لیکن ڈپٹی کمشنر عبدالناصر کا شمالی وزیرستان کے عوام کے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں ہے۔
مظاہرین نے اعلان کیا کہ نقصانات کے ازالے تک درپہ خیل و دیگر قومیں سراپا احتجاج رہیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پہلے ہمیں حق نہیں دیا جارہاہے جب دیا بھی جاتا ہے تو وہ سو فیصد میں دس فیصد دیا جاتا ہے اور لوگوں سے سو فیصد پے لیتے ہیں، یہ کہاں کا قانون ہے، یہ ڈی سی ہمیں کسی صورت بھی برداشت نہیں کر سکتے ہیں، قوم کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے حکومت قوم کے ساتھ زیادتی نہ کرے۔
مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ اسلام آباد تک بڑھائیں گے۔