ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دے دی
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ دوسری بدترین شکست ہے، اس سے قبل پاکستان 2009 میں سری لنکا سے 234 رنز سے ہارا تھا۔
پیر کے روز کولمبو میں ریزرو ڈے میں بارش رکنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا میچ شروع ہوا اور بھارتی ٹیم نے 25 ویں اوور سے کھیل کا آغاز کیا۔ اتوار کے روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، جس میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔
بھارتی بلے باز کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے ناقابل شکست اننگز کھیلیں جس کے باعث بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹ پر 356 رنز بنا لیے۔
بھارت کے 357 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن پتوں کی طرح بکھر کر رہ گئی اور پوری ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، حارث اور نسیم انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا۔