نمیبیا کو 45 رنز سے شکست، پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم اور رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ اوورز میں 189 رنز بنائے جس کے جواب میں نمیبیا نے 140 رنز بنائے۔
نمیبیا کی جانب سے سٹیفن بارڈ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی تاہم مائیکل وین لنگن 4 رنز ہی بنا سکے۔ کریگ ولیمز 40 رنز جبکہ کپتان گرہارڈ ایراسمس 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جے جے سمٹ 2 رنز ہی بنا سکے جبکہ ڈیوڈ ویزے 43 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 113 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچری سکور کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ بابر اعظم کی صورت میں گری جو 70 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد فخر زمان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
محمد رضوان 50 گیندوں پر 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل ہیں۔ محمد حفیظ 16 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسویں میچ میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 84 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر 13.3 اوورز میں پورا کر لیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک 16، ریزا ہینڈرکس 4، وین ڈار ڈاسن 22، ایڈن مارکرم کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ڈمبا باوما 31 اور ڈیوڈ ملر 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بنگلہ دیش کی ٹیم اچھا کھیل نہ پیش کر سکی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں صرف 84 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کے 5 بلے باز اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے، بنگال ٹائیگرز کی جانب سے مہدی حسن نے 27 جب کہ لٹن داس نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ربادا اور نورجے نے 3، 3 جب کہ تبریز شمسی نے 2 اور پریٹورئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔