جرائم

مردان: اغوا ہونے والا 6 ماہ کا بچہ بازیاب، ملزمان گرفتار

مردان پولیس نے اغوا ہونے والا 6 ماہ کا بچہ بحفاظت بازیاب کراکے دو ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق علاقہ تھانہ صدر کی حدود گوجر گڑھی سے تعلق رکھنے والے صابر الدین نے اپنے 6 ماہ کے بچے کی اغوائیگی کی رپورٹ تھانہ صدر میں درج کرائی جس پر ڈی ایس پی سٹی سرکل انعام جان خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ صدر داؤد خان اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم نے کاروائی کی اور ملزمان تک پہنچ گئے۔

مدعی مقدمہ کے بھانجے محمد عباس ولد وارث سکنہ بغدادہ نے واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ میں نے اپنے شریک واردات ساتھی نادر خان ولد انور خان سکنہ حاجی کورونہ کے ہمراہ مغوی بچے کو گھر سے اٹھا کر جہانگیر ولد گل محمد سکنہ محلہ خیبر کنال روڈ بجلی گھر کے پاس لے گیا اور اسے بتایا کہ یہ میرا بیٹا ہے اور اس کی ماں فوت ہوگئی ہے اور اسکے پرورش کرنے سے ہم قاصر ہیں لہٰذا جہانگیر نے بچے کو گود لیکر مجھ کو 40 ہزار روپے بھی دیئے۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے تک رسائی حاصل کرکے بحفاظت بازیاب کر کے والدین کو حوالہ کیا جبکہ گرفتار ملزمان سے بچے کے عوض حاصل شدہ رقم مبلغ 40 ہزار روپے بھی برآمد کر لئے گئے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اسی طرح دوسری کارروائی کے دوران تھانہ صدر پولیس نے اقدام قتل کے ان ٹریس مقدمہ میں ملوث ملزم سید اللہ ولد سید رحمن سکنہ اپر دیر کو ٹریس کرکے آلہ ضرر پستول سمیت گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا۔ گرفتار ملزم نے مورخہ 23اگست 2021کو نزاکت خان ولد سید عظیم سکنہ شرینگل دیر اپر حال غلام سرور کلے پر پستول سے فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا اور فرار ہوگیا تھا۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button