کھیل

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی روانہ

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی روانہ کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اور دیگر آفیشلز سمیت 34 افراد خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپسی کے لیے دبئی روانہ ہوئے، ان کے لیے مختص خصوصی طیارہ تاخیر سے اسلام آباد پہنچا جس کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں دیر ہوئی۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جانی تھی تاہم نیوزی لینڈ کی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر دورہ ہی منسوخ کر دیا اور ٹیم کو فوری وطن واپسی کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 11 ستمبر کو اسلام آباد پہنچی تھی، وطن واپسی سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچایا گیا جہاں محکمہ صحت کے حکام نے دبئی جانے والے مسافروں کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز کے ریپیڈ ٹیسٹ مکمل کیے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی وطن واپسی کے لیے نجی کمپنی کے ائیربس جہاز 319 کی خدمات حاصل کی گئی، 50 نشستوں پر مشتمل جہاز غیر ملکی کمپنی روٹانا جیٹ کی ملکیت ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے خصوصی چارٹر طیارے کے لینڈنگ رائٹس طلب کیے تھے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد کے بعد سے سربراہان مملکت کی سطح کی سیکورٹی دی جا رہی تھی، اس کے باوجود اس نے دورہ پاکستان اچانک ختم کر دیا اور ایک بھی میچ کھیلے بغیر واپس روانہ ہو گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button