کھیل

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دیدی۔

ملتان سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 134 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے آغاز پر کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز معین علی اور زیشان اشرف نے کیا تاہم صرف 31 کے مجموعی سکور پر زیشان اشرف آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے کپتان شان مسعود اور اوپنر معین علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں نصف سنچریاں مکمل کیں، اوپنر معین علی نے 65 اور شان مسعود نے 61 رنز بنائے جب کہ ریلی روسو صرف 8 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، روی بوپارہ بھی صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔

کپتان شان مسعود اور اوپنر معین علی کی زبردست بیٹنگ کے باعث ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

جواب میں کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ہی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور بالترتیب 16 اور 13 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ الیکس ہیلز بھی 29 رنز ہی بناسکے جب کہ کیمرون ڈیلپورٹ کی اننگز 8 رنز تک محدود رہی۔

چاڈوک والٹن 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان عماد وسیم بھی صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، کراچی کنگز کی آخری امید افتخار احمد کے آؤٹ ہونے پر دم توڑ گئی وہ بھی 14 رنز ہی بنا سکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر 3، شاہد آفریدی اور سہیل تنویر نے 2،2 جب کہ معین علی، محمد عرفان اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button