کھیل

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ 5 کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بابراعظم 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جب کہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے الیکس ہیلز 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کیمرون ڈیلپورٹ 22 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے، چاڈوک والٹن بدقسمتی سے ایک رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے، کپتان عماد وسیم بھی 8 رنز ہی بناسکے، کرس جورڈن نے 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 25 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ٹائمل ملز نے 2 جب کہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنا سکی جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ہی بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے، واٹسن 27 اور روئے 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں احمد شہزاد کے 11 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ ہوا تاہم کپتان سرفراز احمد نے معین خان کے بیٹے اعظم خان کے ساتھ ملکر ذمہ داری سے سکور بورڈ کو آگے بڑھایا، اعظم خان بھی رن آؤٹ ہوئے، وہ 30 گیندوں پر 46 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

اگلے ہی اوور میں کرس جارڈن نے پہلی گیند پر نواز کو بھی کیچ آؤٹ کر دیا مگر ٹیم میں دوبارہ شامل کئے گئے آل راؤنڈر انور علی نے اوور کی آخری چار گیندوں پر 12 رنز بنا کر میچ ختم کر دیا، کپتان سرفراز احمد 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

دوسری جانب لاہور میں جاری پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کیلئے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button