پاکستان نے پہلی مرتبہ کبڈی ورلڈ کپ جیت لیا
کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل اپنا نام کرلیا۔ روایتی حریفوں کے درمیان فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا اور دونوں ہاف میں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرتی رہیں۔
اس دوران بھارتی ٹیم اورانتظامیہ کی جانب سے امپائرز کے فیصلوں پرجان بوجھ کر احتجاج بھی کیا گیا جو کارگر ثابت نہ ہوا۔ دوسرے ہاف کے اختتام پر پاکستان نے بھارتی ٹیم کو 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دیکر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔
بھارتی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ سرکل سٹائل کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی، بھارتی ٹیم 6 مرتبہ ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے تاہم یہ اس کی پہلی شکست ہے۔
گورنر پنجاب محمد سرور فائنل کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم دی جبکہ بھارتی ٹیم کو 75 لاکھ روپے انعامی رقم دی گئی۔
ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن ایران نے حاصل کی اور آسٹریلیا کو 33 کے مقابلے میں 54 پوائنٹس سے شکست دی۔ خیال رہے کہ کبڈی ورلڈکپ پہلی بار پاکستان میں منعقد کیا گیا جس کے مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گجرات میں ہوئے اور 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کبڈی ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کبڈی میچ جیتنے پر ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کھیلوں کی دنیا میں کھلاڑی پاکستان کا نام روشن کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے صوبائی و قومی سطح پر بہتری کے اقدامات تیز کیے ہیں اوروہ دن دور نہیں جب پاکستان سپورٹس کی دنیا میں سب سے آگے ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک اور صوبے میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائیں گے۔