کھیل

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی میچ آج ہوگا

 

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جارہا ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے دن دو بجے لاہور کے قذافی سٹیڈیئم میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ تین میچوں کی سیریز پہلے ہی دو صفر سے اپنے نام کرچکا ہے۔ ہفتے کے روزدوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ٹاس جیتنے اور پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دینے کے بعد بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا، نعیم دوسرے ہی اوور میں شاہین آفریدی کا شکار بن گئے، وہ کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے، محمد متھن کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے مہدی حسن 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین لٹن داس 8 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے اور عفیف حسین نے 21 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی، وہ 53 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیشی کپتان محمد اللہ کی اننگز بھی 12 رنز تک ہی محدود رہی۔

قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا، احسان کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد حفیظ نے کپتان کے ساتھ مل کر ذمہ داری سے سکور کو آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں سکور کیں۔ بابراعظم 66 اور محمد حفیظ 67 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ واضح رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد مہمان ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی اور پھر واپس آکر 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہی ہوگا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button