سماجی کارکن حیات روغانی نے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید  احمد کے متنازع بیان پر ازخود نوٹس لینے کے لیے پشاور ہائی کورٹ کے ہیومن رائٹس سیل میں درخواست دائر کردی۔

 

درخواست چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو ارسال کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سی سی پی او پشاور کے ماورائے عدالت کارروائیوں سے متعلق بیان سے عدلیہ کی آزادی اور ساکھ پر ابہام پیدا ہوا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: باجوڑ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، 11 بہنوں کا اکلوتا بھائی جاں بحق

 

درخواست کے مطابق سی سی پی او پشاور نے کہا کہ پولیس کارروائیوں میں عدلیہ، ایف آئی اے اور دیگر ادارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جس سے مبینہ ماورائے عدالت کارروائیوں کی تائید کا تاثر ملتا ہے۔

 

درخواست میں متعلقہ ریکارڈ اور ویڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے عوامی اعتماد اور ادارہ جاتی شفافیت کے تحفظ کے لیے سی سی پی او پشاور کے بیان کی وضاحت طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عدلیہ کا غیرجانبدار کردار انتہائی اہم ہے۔

 

حیات روغانی نے استدعا کی ہے کہ سی سی پی او پشاور کے بیان کا مناسب ادارہ جاتی جائزہ لیا جائے۔