خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ اور بلوچستان کے ضلع چاغی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

 

سکیورٹی ذرائع کے مطابق باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

 

دوسری کارروائی بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: فاسٹ فوڈ بچوں کی صحت کو کیسے متاثر کر رہا ہے؟ طبی ماہرین نے بتا دیا

 

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگائی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد ای-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔

 

ذرائع کے مطابق 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔

 

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور بلوچستان میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔