اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 15 نومولود جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق پمز اسپتال کی ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر واقع نرسری میں آگ لگی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پالیا، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ ایئرکنڈیشنر کا کمپریسر پھٹنا بتائی گئی ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 نومولود موجود تھے، جن میں سے ایک بچے کو لیڈی ڈاکٹر نے بحفاظت نکال لیا، جبکہ 15 نومولود جاں بحق ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 14 بچے مکمل طور پر جھلس گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ بچوں کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ ناقابلِ تلافی ہے۔ واقعے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اندوہناک واقعے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
