پشاور: خیبرپختونخوا میں 17 سے 21 اگست تک بارش اور گرج چمک کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
بالائی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی اقدامات یقینی بنانے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور گرج چمک سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
عوام کو بارش کے دوران دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہنے، جبکہ گرج چمک کے دوران بجلی کے کھلے تاروں اور برقی آلات سے فاصلے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور والدین کو بچوں کو ندی نالوں اور پانی کی گزرگاہوں کے قریب نہ جانے دینے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے ریسکیو عملہ اور ضروری سامان تیار رکھا جائے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسم سے متعلق تازہ معلومات کے لیے شہری ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
