خیبرپختونخوا اسمبلی نے کالاش میرج رجسٹریشن بل 2026 منظور کر لیا، جس کے تحت کالاش برادری کی شادیوں کی رجسٹریشن کو باقاعدہ قانونی حیثیت دی جائے گی اور ان کے مذہبی و قانونی حقوق کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
بل کی منظوری کی تحریک صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے ایوان میں پیش کی۔ نئے قانون کے تحت ہر کالاشی شادی کی یونین کونسل کی سطح پر رجسٹریشن لازمی ہوگی، جبکہ مقامی حکومتیں ویلج اور نیبرہڈ کونسل کی سطح پر رجسٹرار مقرر کریں گی تاکہ شادیوں کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، کن اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا؟
بل کے مطابق اس قانون کا مقصد کالاش برادری کے شادی اور خاندانی نظام کو قانونی تحفظ فراہم کرنا، ماں اور بچے کے آئینی حقوق کو یقینی بنانا اور شادیوں کی رجسٹریشن کا واضح قانونی طریقہ کار متعارف کرانا ہے۔
قانون میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، جبکہ اس قانون کے نفاذ سے کالاش برادری کے مذہبی اور قانونی حقوق کے تحفظ کو مزید تقویت ملے گی۔
