ضم شدہ اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن میں وفاقی ٹیکسوں کے نفاذ کے معاملے پر منعقدہ گرینڈ جرگے میں وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دینے، متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور وفاق کی جانب سے فیصلہ واپس نہ لینے کی صورت میں مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جرگے میں یہ بھی طے پایا کہ خیبرپختونخوا حکومت مالاکنڈ ڈویژن میں سیلز ٹیکس آن سروسز واپس لے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع میں پہلے ہی کوئی ٹیکس وصول نہیں کر رہی، جبکہ مالاکنڈ ڈویژن میں سیلز ٹیکس آن سروسز واپس لینے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دیا جائے گا۔ اگر وفاق نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو صوبے کی تمام سیاسی جماعتیں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز متحد ہو کر ہر آئینی و جمہوری فورم پر مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر احتجاج بھی کیا جائے گا اور اسلام آباد جا کر بھی صوبے کے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرگے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف صوبائی ایکشن پلان تیار کیا جا چکا ہے اور اس پر مؤثر عملدرآمد سے چند ماہ میں حالات بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ امن و امان کے موضوع پر جلد ایک الگ جرگہ منعقد کیا جائے گا، جس میں امن کے قیام، متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں اور درکار اقدامات پر تفصیلی مشاورت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے مالی حقوق، جن میں این ایف سی ایوارڈ، نیٹ ہائیڈل منافع اور وفاق کے ذمے دیگر واجبات شامل ہیں، کے حصول کے لیے بھی اسلام آباد میں ایک بڑا جرگہ منعقد کیا جائے گا تاکہ صوبے کا مؤقف مشترکہ طور پر وفاق کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

گرینڈ جرگہ صوبائی حکومت کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی کابینہ کے اراکین، خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز، مختلف سیاسی جماعتوں کے صوبائی صدور و جنرل سیکرٹریز، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، ضم شدہ اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن کے پارلیمنٹیرینز، قبائلی مشران اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
جرگے میں وفاقی ٹیکسوں کے نفاذ سے متعلق مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا اور تمام متعلقہ فریقین کو اپنی آراء اور تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
