وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبے میں آج سے مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت صوبہ بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جبکہ یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر مزید 14 لاکھ پودوں کی شجرکاری کی جائے گی۔

 

انہوں نے بتایا کہ پشاور عظمت رفتہ بحالی پروگرام کے تحت سپین خاک کے علاقے میں 10 ہزار کنال رقبے پر 5 لاکھ 40 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت 200 کنال پر پھلدار باغات قائم کیے جائیں گے اور 20 ہزار زیتون کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔

 

یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمان کی متنازع تقریر، عدالت نے 28 جولائی کو طلب کر لیا

 

شفیع جان کے مطابق پشاور شہر میں 20 میاواکی جنگلات قائم کیے جائیں گے، جبکہ تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں 40 ہزار پھلدار پودے لگائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پھلدار باغات پرندوں کے قدرتی مساکن، خوراک کی فراہمی اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق جنگلات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور محکمہ جنگلات کی شجرکاری مہمات کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

 

ان کے مطابق "ٹین بلین ٹری اپ اسکیلنگ گرین پاکستان شجرکاری پروگرام" کے لیے ایک ارب روپے، "بلین ٹری پلس پروگرام" کے لیے 50 کروڑ روپے اور "بلین ٹری افاریسٹیشن سپورٹ پراجیکٹ" کے لیے بھی 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

 

شفیع جان نے بتایا کہ شعبہ ماحولیات کے مختلف منصوبوں کے لیے 98 ملین روپے رکھے گئے ہیں، جن میں بھٹہ خشتوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے فنڈز بھی شامل ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کے مجموعی جنگلات کے تقریباً 45 فیصد رقبے کا حامل صوبہ ہے، اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں عوامی شراکت داری کے ذریعے صوبے کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔