عارف احمد 

 

وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی اور معاشی حالات کے پیش نظر سابق فاٹا، پاٹا اور بالخصوص ملاکنڈ ڈویژن پر عائد وفاقی اور صوبائی سطح کے تمام ٹیکس فوری طور پر واپس لیے جائیں۔

 انہوں نے کہا کہ جب تک علاقے میں ملک کے دیگر حصوں کی طرح امن، ترقی اور بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں، اس وقت تک نئے ٹیکسوں کا نفاذ مناسب نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا، پاٹا اور ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے دہشت گردی اور بدامنی کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں، اس لیے ان پر مزید مالی بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: طورخم بارڈر: افغانستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی پیش رفت

 

امیر مقام نے کہا کہ 2016 میں انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے سامنے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کا مؤقف پیش کیا تھا، جس کے بعد کسٹم ایکٹ کا نفاذ واپس لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔

 

 انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ٹیکس استثنیٰ میں مسلسل توسیع دی، اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کے بعد بھی ان کی کوششوں سے پاٹا کو ٹیکس استثنیٰ میں شامل رکھا گیا، جبکہ گزشتہ دس برسوں کے دوران انہوں نے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کی۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ اگر علاقے کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح امن، ترقی اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تو ٹیکسوں پر بات ہو سکتی ہے، تاہم موجودہ حالات میں ان کا نفاذ قابل قبول نہیں۔

 

وفاقی وزیر نے تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے ٹیکسوں کے خلاف جاری پرامن احتجاجی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری اور آئینی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

 

واضح رہے کہ انجینئر امیر مقام نے یہ باتیں سوات میں مسلم لیگ (ن) ملاکنڈ ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، جس میں ڈویژن بھر سے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی۔

 

 اجلاس میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی محمد رشاد خان کی جانب سے پیش کی گئی متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ملاکنڈ ڈویژن پر عائد تمام ٹیکس فوری واپس لینے اور علاقے کی آئینی و قانونی مراعات برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ ٹیکسوں کے خلاف جاری پرامن احتجاجی تحریکوں کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا گیا۔

 

 

اجلاس سے سابق صوبائی وزیر محمد علی شاہ خان، ضلع صدر ملاکنڈ سجاد خان، ضلع صدر لوئر دیر فاروق خان، جنرل سیکرٹری بونیر ایڈووکیٹ شاہ بخت روان، ضلعی سیکرٹری جنرل بخت عالم خان، ضلع صدر سوات قوی خان، صدر اپر سوات قیموس خان، صدر ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈ فیڈریشن عبدالرحیم، صدر ملاکنڈ ڈویژن ملک جہانزیب خان، سابق صوبائی وزیر واجد علی خان، مسلم لائرز فورم کے ایڈووکیٹ رحیم شاہ خان، ضلع باجوڑ کے جنرل سیکرٹری اسرائیلی خان، یوتھ ونگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری رشاد خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔