وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی قربانیاں اور عوام کی حمایت ہی پاکستان کی اصل طاقت ہیں، جبکہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک بحریہ نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں امن، تعاون اور مذاکرات کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور پاکستان ہمیشہ مسائل کا حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: "آج مشال زندہ ہوتا تو اسے مجھ پر کتنا فخر ہوتا"؛ نو برس بعد بہن نے بھائی کا ادھورا خواب پورا کر دیا
انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ مستقبل میں ملک کی خدمت اور دفاع میں اہم کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی بہترین تربیت یافتہ افسران تیار کر رہی ہے، جبکہ پاک بحریہ نہ صرف ملکی دفاع کو مضبوط بنا رہی ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ملک میں دہشتگردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور افواجِ پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے میں پاکستان کا کردار باعثِ اعزاز ہے۔ اسلام آباد نے مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کیے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قیامِ امن کے لیے اہم کوششیں کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن اور مذاکرات کی حمایت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورے کے بعد پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر، فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
