آزاد کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں، جہاں کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مبینہ مسلح شرپسند عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 قانون نافذ کرنے والے اہلکار شہید جبکہ 20 سے زائد پولیس اور سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس کے مطابق شہید اور زخمی اہلکاروں کے زخم فائر آرم اور گن شاٹ نوعیت کے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مختلف علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق بعد ازاں مظاہرین کی جانب سے سی ایم ایچ راولاکوٹ پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔

آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ ریاستی رٹ، عوامی امن اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور قانون اپنا راستہ لے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا۔
دوسری جانب کالعدم قرار دی گئی تنظیم نے 9 جون کو ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، جس کے پیش نظر خطے میں پہلے ہی کشیدگی پائی جا رہی تھی۔
