خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز ہونے والی تیز آندھی، بارش اور آسمانی بجلی کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 31 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی نقصانات کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کے دوران گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 2 مرد جاں بحق ہوئے، جبکہ زخمیوں میں 7 خواتین، 16 مرد اور 8 بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: ایم ٹی آئی ہسپتال کے معاملات پر پی ٹی آئی اور ینگ ڈاکٹرز آمنے سامنے
رپورٹ کے مطابق یہ حادثات پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور بنوں سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور امداد فراہم کی جائے۔ ادارے کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے الرٹ ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا موجودہ سلسلہ 5 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
