خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ اور مردان کے مختلف پہاڑی علاقوں میں لگی جنگلاتی آگ تاحال بے قابو ہے، جس کے نتیجے میں وسیع رقبے پر پھیلے جنگلات، قیمتی درختوں اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ آگ کے مزید علاقوں تک پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مالاکنڈ میں تحصیل بٹ خیلہ کے سنگینہ پہاڑ، درگئی کے جبن پہاڑ اور تحصیل تھانہ کے بایزی آلہ، ڈھنڈ ڈھیری اور زرکنڈی تنگے سمیت متعدد پہاڑی سلسلے آگ کی لپیٹ میں ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق آگ نے کئی مقامات پر جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اس پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
سنگینہ پہاڑ میں آگ کی شدت کے باعث مقامی مساجد سے شہریوں کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ آگ کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکے۔
ادھر ضلع مردان کی تحصیل رستم کے پہاڑی سلسلہ چانڑی میں لگی آگ تیسرے روز بھی نہ بجھائی جا سکی۔ آگ مسلسل پھیل رہی ہے جس سے جنگلات اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ شب آگ قریبی آبادی تک پہنچ گئی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے اسے رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں تک رسائی محدود ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔
مقامی افراد نے حکومت، محکمہ جنگلات اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید جنگلاتی نقصان اور ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔
