خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج رات سے 23 مئی تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت مردان، صوابی، خیبر، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔ کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات، نکاسی آب کے نظام کی صفائی، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے سیاحوں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دی جا سکتی ہے۔
