جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا میں خانزادہ مارکیٹ کے مرکزی گیٹ کے قریب ہونے والے بارودی دھماکے میں چیف آف احمد زئی وزیر ملک طارق خان، ملک سرفراز خان یارگل خیل سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول بارودی مواد کے ذریعے ملک طارق خان کی گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔
زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد گاڑی پر دھماکہ خیز مواد کے واضح آثار موجود تھے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
