پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) میں فائرنگ کے واقعے سے متعلق ترجمان ہسپتال نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔
ترجمان محمد عاصم کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض اطلاعات حقائق کے منافی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات کے تحت ایمرجنسی میں تعینات کلاس فور ملازم ریسٹ روم میں یونیفارم تبدیل کر رہا تھا کہ اس دوران غلطی سے پستول سے فائر ہوگیا۔
فائر الٹراساؤنڈ روم میں موجود کمپیوٹر پر لگا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر واقعے کو ڈاکٹر پر حملہ قرار دے کر غلط تاثر دیا جا رہا ہے، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
ہسپتال ڈائریکٹر محمد طارق برکی نے واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے فوری انکوائری کے احکامات جاری کردیئے ہیں، جبکہ رپورٹ کل تک پیش کی جائے گی۔
