جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش نے پارٹی ورکرز، ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ حضرت مولانا شیخ ادریس سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مواد پر کسی بھی قسم کے تبصرے، لائک یا شیئر کرنے سے مکمل اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی باتیں علماء کرام کے وقار کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم کوشش ہیں، جن کا مقصد دینی قیادت کو بدنام کرنا ہے۔ اس لیے کارکنان کو چاہیے کہ وہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور افواہوں کے پھیلاؤ کا حصہ نہ بنیں۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا اسمبلی: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے تاحیات مراعات کا انکشاف — آخر کیا کیا ملے گا؟
مولانا عطاء الحق درویش نے مزید کہا کہ تمام ساتھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموشی اختیار کریں اور غیر مصدقہ مواد کو آگے پھیلانے سے گریز کریں تاکہ منفی باتوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چارسدہ سے تعلق رکھنے والے عالم دین شیخ ادریس سے منسوب ایک بیان سامنے آیا۔
اس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی کوششوں سے خلیج میں ایک بڑی جنگ ختم ہوئی، جس کے نتیجے میں پاکستان کو عالمی سطح پر اہم مقام ملا اور امریکی صدر نے بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
