پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز کے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا تعلق نشہ آور شے کے مبینہ استعمال سے بتایا جا رہا ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران لیا گیا تھا، جس کے مثبت آنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی کو آگاہ کیا۔

 

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے معلومات موصول ہونے کے بعد پی سی بی نے معاملے کی باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔

 

 ابتدائی رپورٹ میں مبینہ طور پر ریکریئیشنل ڈرگ کے استعمال کے شواہد سامنے آنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

 

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ پڑتال جاری ہے اور بورڈ آج ہونے والی پیش رفت سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کرے گا۔ حتمی کارروائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی۔

 

واضح رہے کہ محمد نواز اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔