پشاور کے علاقے چمکنی میں غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں ملزم نے مبینہ شک کی بنیاد پر پہلے اپنے بھائی اور بعد ازاں اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

 

یہ بھی پڑھیے:سعودی عرب کا پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے اہم اعلان 

 

گزشتہ روز مقتولہ کی بیٹی نے چمکنی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کے والد بختیار کو شک تھا کہ والدہ کے اپنے دیور کے ساتھ مبینہ تعلقات ہیں۔ اسی شک کی بنیاد پر اس نے پہلے اپنے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

 

مدعیہ کے مطابق ملزم بعد ازاں صلح کے بہانے گھر آیا اور اہلخانہ کو بتایا کہ وہ انہیں کراچی لے جانا چاہتا ہے۔ اس دوران وہ اپنی بیوی کو بہانے سے ساتھ لے گیا، تاہم راستے میں وحیدآباد باڑہ خوڑ کے قریب اس نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو شدید زخمی کردیا، جو بعد ازاں دم توڑ گئی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے۔ مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔