خیبرپختونخو کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم ذوالفقار مروت کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔
ضلع پولیس کے ترجمان کے مطابق تحصیل پروآ کے گاؤں چھوری بھور میں پیش آنے والے واقعے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اُسترانہ قبیلے کے عمائدین جرگہ کی صورت میں ملزم کے پاس چھینی گئی موٹر سائیکل کے معاملے پر گئے تھے، جہاں ملزم نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی ہدایت پر ایس پی سٹی مرتضیٰ خان کی قیادت میں ڈی ایس پی پروآ سلیم خان بلوچ اور ایس ایچ او ثمر عباس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں ذوالفقار مروت اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ملزم ہلاک ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ رکنے کے بعد ملزم کی لاش کلاشنکوف اور موٹر سائیکل سمیت موقع سے برآمد کر لی گئی، جبکہ مزید ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
