خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ غیر ملکی افراد کو گرفتار کر لیا، جن کا تعلق مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم داعش خراسان سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو غلجو بازار کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں افراد سنٹرل کرم کے علاقے علیشیرزئی سے پیدل سفر کرتے ہوئے غلجو پہنچے، جہاں سیکیورٹی اداروں نے مشکوک نقل و حرکت کی بنیاد پر انہیں روک کر تفتیش کی، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کی شناخت غور ولد کاظم اور محمد یونس ولد محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر آذربائیجان کے شہری ہیں۔ دونوں ملزمان کو فوری طور پر قریبی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں ان افراد کے ممکنہ طور پر داعش خراسان سے روابط کے شواہد سامنے آئے ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حتمی تصدیق ابھی باقی ہے اور تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
