فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح اور سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں، جبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کار نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں اہلِ تشیع کے جید علمائے کرام سے اہم ملاقات کے دوران کہی، جہاں قومی سلامتی، داخلی استحکام اور معاشرتی ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایران جنگ پالیسی پر اختلافات، امریکی نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر نے عہدہ کیوں چھوڑا ؟
ملاقات میں فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں امن، اتحاد اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی قیادت معاشرے میں برداشت، رواداری اور یکجہتی کو فروغ دینے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر یکجہتی ناگزیر ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں دیرپا امن، استحکام اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
