پاکستان کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما قاسم خان سوری نے بتایا ہے کہ وہ اس وقت مالی مشکلات کی وجہ سے امریکا میں اوبر گاڑی چلا کر اپنے خاندان کا خرچ پورا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ایمانداری کو ترجیح دی اور آج بھی عمران خان کے نظریے اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
قاسم خان سوری نے ایک گفتگو میں کہا کہ موجودہ حالات ان کے لیے بہت مشکل ہیں اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ روزگار کے لیے اوبر جیسی سروس سے وابستہ ہونا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان کی دائیں آنکھ میں کس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے؟
ان کے مطابق، مالی پریشانی کے باوجود انہوں نے کسی غلط یا غیر قانونی راستے کا انتخاب نہیں کیا بلکہ محنت اور دیانت داری سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی تحریک انصاف کے مؤقف کے ساتھ ہیں اور پاکستان میں انصاف، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سابق ڈپٹی اسپیکر نے بتایا کہ 2018 سے پہلے کوئٹہ میں ان کے گھر پر کئی اہم سیاسی شخصیات آتی تھیں، جن میں عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور ہمیشہ عزت اور ایمانداری کے ساتھ زندگی گزاری ہے۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ حالات چاہے جتنے بھی سخت ہوں، وہ اپنے اصولوں پر قائم رہیں گے اور کبھی بھی ایمانداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
