سیاست

شہباز شریف نے وزیراعظم کےعہدے کا حلف اٹھالیا

 

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے منصب کا حلف اٹھالیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔ ایوان صدر میں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تقریب میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔

اس کے علاوہ آصف زرداری، نوازشریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی تقریب میں شریک تھے جب کہ مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریب حلف برداری کا حصہ تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جب کہ سبکدوش ہونے والے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آفس کے عملے کا تعارف بھی کروایا جائے گا جب کہ شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کے منصب سے سبکدوش ہونے والے انوارالحق کاکڑ کی ملاقات بھی ہوگی۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کرکے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے جب کہ ان کے مدمقابل امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button