سیاست

پشاور ہائی کورٹ کا تھری ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کو رہا کرنے کا حکم

 

عثمان دانش

پشاور ہائیکورٹ نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرنے والے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے بعد عدالت نے درخواست گزاروں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزمان کو ضمانتی مچلکنے جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔

شانگلہ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کارکنان کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواستوں پر سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔ کارکنان سویڈن میں توہین قرآن کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کررہے تھے جس پر ان کو گرفتار کیا گیا۔

جسٹس سید ارشد علی نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایف آئی آر پڑھ لیں اس میں کیا لکھا ہے۔ اے اے جی نے بتایا کہ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان توہین قرآن کی بے حرمتی کے خلاف شانگلہ میں احتجاج کررہے تھے اور اس میں پی ٹی آئی چیئرمین کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ احتجاج میں وہ پارٹی کے حق میں نعرے لگارہے تھے جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ تھا۔

اس پر جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی آر میں جو ہے اس کے مطابق تو احتجاج آخر تک پرامن تھا یہ تو آپ کے حق میں نہیں جارہا۔ عدالت نے درخواست گزار پی ٹی آئی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شاہ فیصل اتمانخیل ایڈوکیٹ نے بتایا کہ شانگلہ میں پی ٹی آئی کارکنان سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ اس دن پورے ملک میں احتجاج ہوئے شانگلہ میں بھی پرامن احتجاج تھا, تمام سیاسی جماعتوں نے احتجاج کئے لیکن صرف پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کیسز بنائے گئے۔ دفعہ 144 میں تو کسی کو بھی احتجاج کا حق نہیں ہوتا لیکن نشانہ صرف پی ٹی آئی کارکنان کو بنایا گیا۔

شاہ فیصل اتمانخیل ایڈوکیٹ نے بتایا کہ یہ صرف سیاسی اور انتقامی کارروائی ہے عدالت نے بھی ہمیں ریلیف دیا ایسے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کارکنان کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے, ہمیں عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے ہم اپنا جنگ آئین و قانون کے اندر رہ کر لڑرہے ہیں۔

انہون نے کہا کہ باقی سیاسی پارٹیاں احتجاج کریں تو کوئی مسلہ نہیں, پی ٹی آئی کارکنان احتجاج کریں تو امن و امان خراب ہوجاتا ہے۔ پاکستان کا آئین ہر شہری کو اظہار آزادی رائے کا حق دیتا ہے کوئی ہم سے اپنا یہ حق نہیں چھین سکتا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button