پی ٹی آئی پارلیمینٹیرینز نے 10 اضلاع میں جلسوں کی منظوری دیدی
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز نے 19 اگست کو نوشہرہ میں پہلا جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 10 اضلاع میں جلسوں کی منظوری دیدی ہے۔
پارٹی کے لیے پرویز خٹک کو چیئرمین، محمود خان کو نائب چیئرمین جبکہ ضیاءاللہ بنگش کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرینز کی کور کمیٹی کا پہلا اجلاس پارٹی سربراہ پرویز خٹک کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان سمیت کور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کور کمیٹی نے متفقہ طور پر پرویز خٹک کو پارٹی چئیرمین جبکہ محمود خان وائس چئیرمین منتخب کرلیا۔
کور کمیٹی نے ضیاءاللہ بنگش کو پارٹی انفارمیشن سیکرٹری مقرر کردیا ہے۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین محمود خان نے کہا کہ ہمارا اکٹھا ہونا اس بات کا امر ہے کہ ہم سب اس ملک اور خصوصا خیبر پختونخوا میں امن چاہتے ہیں اور امن اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرینز تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی جبکہ ہماری پارٹی میں سب کے لیے دروازے کھولے ہیں، پارٹی میں شمولیتی پروگرام شروع ہیں۔ اس کے علاوہ باقی پارٹیوں کے ساتھ بھی ہم اتحاد کرسکتے ہیں۔ انتخابات کی تیاری کے لیے 19 اگست سے نوشہرہ میں پہلا جلسہ منعقد کرکے ہم اپنی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔
مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، کوہستان، ہنگو، پشاور، مردان، بونیر، ایبٹ آباد میں بھی جلسے منعقد کئے جائیں گے۔اجلاس میں کور کمیٹی نے پارٹی کے آئین منشور اور اغراض و مقاصد کا بھ جائزہ لیا، مزید کام کے لئے کمیٹی کو ٹاسک حوالے کردیا گیا۔ کور کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرین کے سلوگن کے طور پر ”امن، ترقی اور خوشحالی“ کی منظوری دیدی۔
اس موقع پر پرویز خٹک نے کہاکہ ہمارا مقصد پاکستان اور خصوصا خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے جس کے لئے ہم ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ریاستی اداروں کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ ان کو مضبوط کرنا ہے۔ ہم نے اس صوبہ میں پہلے بھی عوام کی خدمت بھرپور انداز میں کی ہے اور انشائاللہ آگے بھی اپنی خدمات کا سلسلہ اس صوبہ اور ملک پاکستان کے لئے بھرپور طریقہ سے ادا کریں گے۔