لائف سٹائل

خیبر پختونخوا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، پیشگی انتظامات کے لیے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم اے نے پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 2 اگست کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، 3 اگست کو مغربی ہوائیں بھی داخل ہوں گی جس کے باعث بارش کا امکان ہے۔

2 اگست سے 7 اگست کے دوران سوات، کوہستان، بونیر، اورکزئی، چترال، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، ابیٹ آباد، خیبر، صوابی، پشاور میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، دریاؤں، ندی اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی جائے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاح بھی دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button