فواد چوہدری کا عمران خان اور سیاست دونوں چھوڑنے کا اعلان
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چوہدری نے پارٹی سے علیحدگی اور سیاست سے وقفہ لینے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ میں نے 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی پہلے ہی مذمت کی تھی اور اب سیاست سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں پارٹی عہدوں سے مستعفی ہو رہا ہوں۔
Ref. My earlier statement where I unequivocally condemned 9th May incidents, I have decided to take a break from politics, therefore, I have resigned from party position and parting ways from Imran Khan
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 24, 2023
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھاکہ بطور ترجمان پی ٹی آئی سمجھتا ہوں 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل شرم تھے، پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور اسی نکتہ نظرکوسامنے رکھ کرہمیں اپنی پالیسیاں بنانی چاہیے۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز ہی یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری اور فیصل واوڈا کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید فواد چوہدری تحریک انصاف کا حصہ نہ رہیں۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری اور فیصل واوڈا کی ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی اور اس کے بعد فیصل واوڈا فواد چوہدری کو لے کر ایک اہم شخصیت کے ساتھ ملاقات کے لیے روانہ ہو ئے تھے۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری کا شمار عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور اسی بنیاد پر انھیں پارٹی کا مرکزی سینیئر نائب صدر نامزد کیا گیا تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد فواد چوہدری کو 10 مئی کے روز سپریم کورٹ کے باہر سے ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ اس کے بعد منگل 16 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔